تروونت پورم،18مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)اقوام متحدہ کے سابق سفارتکار اور کانگریس ممبر پارلیمنٹ ششی تھرور نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں یو پی اے کی جانب سے وزیر اعظم کے عہدے کے امیدوار کے طور پر خود کو پیش کرنے کی آن لائن پٹیشن مہم کو مسترد کیا ہے۔تروونت پورم سے ممبر پارلیمنٹ تھرور نے فیس بک پر اپنے ایک پیغام میں مہم چلانے والے لوگوں سے اسے واپس لینے کو کہا۔انہوں نے کہاکہ میں(’’ چینج اوآرجی‘‘آن لائن مہم شروع کرنے کی سائٹ) پر ڈالی گئی پٹیشن اور اسے ملے رد عمل سے حیران اور خوش دونوں ہوں۔ گزشتہ چند دنوں سے وہاں چل رہی درخواست میں میرے لئے 2019 کے انتخابات میں کانگریس پارٹی اور قومی سیاست میں ایک بڑے کردار کا مطالبہ کیاگیا ہے۔ تھرور نے تاہم کہا کہ انہیں صاف کر دینا چاہئے کہ وہ اس طرح کی کسی بھی مہم کی حمایت نہیں کرتے۔کانگریس ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ انہوں نے آغاز میں درخواست کو نظر انداز کیا لیکن اس کے میڈیا میں بات چیت میں آنے کے بعد ان کا فرض بنتا تھا کہ اس پر رد عمل دیں۔انہوں نے درخواست شروع کرنے والے شخص کا اور اس پر دستخط کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔تھرور نے فیس بک پر لکھاکہ لیکن میں نے اس کے بارے میں پوچھنے والے اپنے تمام مداحوں کو ایسا کرنے سے منع کیا کیونکہ میں اس طرح کی مہم کی حمایت نہیں کرتا۔ انہوں نے کہاکہ میں کانگریس پارٹی کا لیڈر ہوں، اس سے زیادہ اور کم کچھ نہیں ہوں۔ تھرور نے کہا کہ پارٹی میں قیادت کا مسئلہ حل ہوا ہے جس پر بحث نہیں ہونی چاہئے، تبدیلی ایک قائم عمل کے ذریعے ہونے چاہئیں۔